اے ٹی ایم فراڈ روکنے کیلئے اسٹیٹ بینک متحرک، بینکوں کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اے ٹی ایم فراڈ کی روک تھام کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو سکیورٹی نظام مزید مؤثر اور سخت بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک اب 24 گھنٹے فعال سی سی ٹی وی نگرانی یقینی بنانے کے پابند ہوں گے جبکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں صارفین کو فوری آگاہ کرنا ہوگا۔

مرکزی بینک نے صارفین کے تحفظ کیلئے عالمی معیار کے چِپ اینڈ پن کارڈز جاری کرنے، اے ٹی ایم مشینوں میں جدید حفاظتی آلات نصب کرنے اور فراڈ کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم سسٹمز اور سافٹ ویئرز کو باقاعدگی سے اپڈیٹ رکھا جائے جبکہ بینکنگ نیٹ ورکس کے درمیان محفوظ اور خفیہ رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔

اسٹیٹ بینک نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ اے ٹی ایم فراڈ کا شکار ہوں تو فوری طور پر متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں، جبکہ شکایت حل نہ ہونے کی صورت میں اسٹیٹ بینک کے آن لائن شکایتی پورٹل سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button