کراچی میں عاطف اسلم کے کنسرٹ میں ہنگامہ آرائی، ایونٹ روکنا پڑا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد میں عاطف اسلم کے ہونے والے کنسرٹ کے دوران اس وقت مختصر ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی جب ایک خاتون مداح سٹیج پر چڑھ گئیں اور گلوکار کے ساتھ سیلفیاں بنانے لگیں۔
یہ واقعہ ڈی ایچ اے سپورٹس کلب میں ہونے والی پرفارمنس کے دوران پیش آیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاطف اسلم گانا پیش کررہے تھے کہ اسی دوران ایک خاتون مداح سٹیج پر پہنچ گئیں، گلوکار نے ابتدا میں خوشگوار انداز اپناتے ہوئے مداح کے ساتھ تصویر بنوائی اور ماحول کو دوستانہ رکھنے کی کوشش کی۔
تاہم صورتِ حال اس وقت تبدیل ہوگئی جب خاتون پہلی تصویر کے بعد بھی سٹیج سے نیچے نہ اتریں اور مسلسل مزید سیلفیاں لینے کی کوشش کرتی رہیں، ایونٹ عملے نے متعدد بار انہیں واپس جانے کا اشارہ دیا لیکن وہ عاطف اسلم کے قریب آتی رہیں۔
بعد ازاں منتظمین اور سکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کرتے ہوئے خاتون کو سٹیج سے نیچے اتارا، جس کے بعد کنسرٹ دوبارہ معمول کے مطابق جاری رہا۔
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جہاں صارفین نے کنسرٹس میں سکیورٹی اور ہجوم پر قابو پانے کے انتظامات پر سوالات اٹھائے، کئی افراد نے فنکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔



