صدر زرداری کا یوم شہدائے کشمیر پر پیغام، 22 شہداء کو خراج عقیدت، عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی 1931ء کے 22 کشمیری شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہئیں، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور فوجی محاصرہ ختم کیا جائے۔
صدر مملکت نے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں بند کرے، جبکہ 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر زرداری نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔