بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات دی جا رہی ہیں، سات کمروں کا پورا کمپاؤنڈ ہے، بیرسٹر عقیل ملک


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور انہیں جیل میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عقیل ملک نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں سے دو مرتبہ فون پر رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم وہاں سے رسپانس نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہر ہفتے بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کرائی جاتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ کی بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو چکی ہے، جبکہ ان کی سکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
عقیل ملک کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس سات کمروں پر مشتمل پورا کمپاؤنڈ موجود ہے۔ سلمان صفدر جیل جا کر تمام صورتحال کا جائزہ لے چکے ہیں اور اپنی رپورٹ بھی پیش کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے سیل میں جانے کی اجازت نہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دربار لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔