پنجاب اسمبلی بھرتی کیس: پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کو حاضری سے استثنیٰ، سماعت 17 جون تک ملتوی


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت میں ہوئی، جہاں عدالت نے شریک ملزم مختار رانجھا کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اور ان کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے وکلا نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں دائر کیں۔
وکلا نے عدالت کو بتایا کہ دونوں افراد کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، جبکہ محمد خان بھٹی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں، لہٰذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواستیں منظور کر لیں اور کیس کی مزید سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن حکام اس مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کرا چکے ہیں اور کیس میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔