وزیرآباد: اینٹی کرپشن کی کارروائی، سب رجسٹری آفس کا نائب قاصد رشوت لیتے ہوئے گرفتار

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے مجسٹریٹ کی زیر نگرانی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سب رجسٹریشن آفس وزیرآباد میں تعینات نائب قاصد کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضہ سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے گئے جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق جامکے چٹھہ کانونگوئی میں تعینات نائب قاصد عبید الرحمن کو اینٹی کرپشن ٹیم نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ شاہین آباد گوجرانوالہ کے رہائشی شہری محسن نواز سے مبینہ طور پر رشوت وصول کر رہا تھا۔ کارروائی مجسٹریٹ کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی جس کے دوران اینٹی کرپشن حکام نے پہلے سے نشان زدہ کرنسی نوٹ برآمد کرکے ملزم کو حراست میں لے لیا۔شہری حلقوں نے سرکاری دفاتر میں مبینہ کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے اقدامات سے رشوت ستانی کی حوصلہ شکنی ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔دوسری جانب بعض حلقوں نے اس معاملے میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ایسا شخص بھی موجود تھا، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر درخواست بازی اور سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیوں میں شہرت رکھتا ہے اور مقدمات کے اندراج کے بعد اپنے ذاتی فوائد و مالی مفاد حاصل کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button