اے این ایف کا بڑا بین الاقوامی آپریشن، کراچی سے کولمبو تک منشیات نیٹ ورک بے نقاب،671کلوگرام آئس ضبط

اسلام آباد/کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے افغانستان میں قائم ایک مبینہ بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
اے این ایف نے کراچی پورٹ پر ایک کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کرتے ہوئے افغان سرغنہ احسان اللہ اور اس کے مقامی سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار افغان سرغنہ سے تحقیقات کے دوران کولمبو بھیجی جانے والی منشیات سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں، جس کے بعد اے این ایف نے قابلِ عمل انٹیلی جنس بروقت سری لنکن حکام اور امریکی ادارے ڈی ای اے کے ساتھ شیئر کی۔
انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کولمبو پورٹ پر ایک بڑی کھیپ پکڑ لی گئی، جہاں تولیوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 471 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی۔
یوں کراچی اور کولمبو پورٹس پر کی جانے والی کارروائیوں میں افغان نیٹ ورک سے منسلک مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کرلی گئی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق پاکستان افغان ساختہ منشیات سے متاثرہ ریاست ہے اور بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے پاکستان عالمی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سری لنکن حکام اور امریکی ادارے ڈی ای اے نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ اور مؤثر بین الاقوامی تعاون کو باضابطہ طور پر سراہا۔
اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف ادارے کی مضبوط انٹیلی جنس صلاحیت اور عالمی سطح پر مؤثر تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔



