مریدکے میلے میں المناک حادثہ، آسمانی جھولے سے گر کر 8 سالہ بچے جاں بحق


مریدکے(جانوڈاٹ پی کے) مریدکے کے تھانہ صدر کے علاقے کے نواحی گاؤں ٹپیالہ دوست محمد میں لگے تفریحی میلے کے دوران آسمانی جھولے سے گر کر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، جس سے میلے کی خوشیاں سوگ میں بدل گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 8 سالہ ارحم ولد مجید کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق بچے کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ جھولے میں حفاظتی انتظامات اور قواعد و ضوابط پر کس حد تک عمل کیا گیا تھا۔