ایران کا قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر حملے کا دعویٰ، سخت نتائج کی دھمکی


تہران(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا، جہاں حملے کے نتیجے میں امریکی اڈے پر نصب ریڈار سسٹم اور فضائی ایندھن فراہم کرنے والے طیارے تباہ کر دیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور وہ ممالک جو اپنی سرزمین پر امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کر رہے ہیں، سرخ لکیروں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ عوام اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، جبکہ اگر مخالف کارروائیاں جاری رہیں تو ایران مزید فیصلہ کن جوابی اقدامات کرے گا۔
ایرانی حکام نے اپنے دعوے کے حق میں فوری طور پر مزید تفصیلات یا شواہد جاری نہیں کیے، جبکہ اس خبر کے وقت تک امریکی حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اس لیے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔