اکشے کھنہ نے ساتھی اداکار کو کھانے سے روکنے پر پروڈیوسر کو آڑے ہاتھوں لے لیا تھا، امیت بہل

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)اداکارامیت بہل نے انکشاف کیا کہ اکشے کھنہ کو ایک مرتبہ جب معلوم ہوا کہ ایک اداکار کو مرکزی کاسٹ اور عملے کے ساتھ کھانے سے روک دیا گیا ہے تو وہ پروڈیوسر پر آتش فشاں کی طرح پھٹ پڑے۔
امیت بہل نے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک کریکٹر اداکار جو الگ ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھا، اکشے کے ہوٹل میں دوپہر کے کھانے کے لیے آیا تھا، جیسے ہی اس نے کھانے کا پہلا نوالہ لیا تو پروڈیوسر کی بیوی یا کسی رشتہ دار نے دیکھ کر کہا کہ وہ یہاں کا حصہ نہیں اور اسے یہ کھانا نہیں کھانا چاہیے۔
سینئر اداکار نے بتایا کہ پروڈکشن ٹیم نے بھی اسے کھانے سے روک دیا، جس پر وہ دل برداشتہ ہو کر خاموشی سے پلیٹ ایک طرف رکھ کر بیٹھ گیا۔
امیت بہل کے مطابق اکشے کھنہ نے یہ منظر دور سے دیکھا اور فوراً مداخلت کی، انہوں نے پروڈیوسر اور عملے پر سخت الفاظ میں تنقید کی اور کہا کہ ’بھوک اور عزت کا اصل مطلب کیا ہے؟ فلم پلیٹوں یا کھانے کی مقدار سے نہیں بنتی، بلکہ لوگوں کی دعاؤں سے بنتی ہے‘۔
امیت نے مزید بتایا کہ اس دن انہیں اندازہ ہوا کہ اکشے اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے کتنے حساس اور فکر مند ہیں۔



