آزاد کشمیر انتخابات: رانا ثناء اللہ سے مسلم لیگ (ن) کے وفد کی ملاقات، پی ٹی آئی رہنماؤں کی شمولیت کا اعلان

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی، جس میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات، مجموعی سیاسی صورتحال اور انتخابی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایک اہم سیاسی پیش رفت میں پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے متعدد رہنماؤں نے پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی وزیر کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور امن و امان کے معاملات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی تیاریوں، انتخابی مہم اور عوامی رابطہ مہم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنی آزادانہ رائے کے مطابق نمائندے منتخب کرنے کے لیے سازگار، پرامن اور شفاف ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر میں شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور واضح کیا کہ عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی ساکھ ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں انتخابی معرکے میں حصہ لے گی۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے خطے میں پرامن اور منظم انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔



