کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ملک کے دو بڑے اور مصروف ترین ہوائی اڈوں پر جدید ترین ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کرنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) حکام کے مطابق کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر نیا ائیر ٹریفک کنٹرول سسٹم نصب کیا جائے گا، جس سے فضائی آپریشنز کو مزید مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن کے لیے جدید ترین فلائٹ مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، جو پروازوں کی نگرانی اور رہنمائی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پی اے اے کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اس منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد منصوبے پر عملی پیش رفت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ نئے ائیر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پروازوں کو زیادہ مؤثر انداز میں گائیڈ کیا جا سکے گا، جبکہ بڑھتے ہوئے فضائی دباؤ کے پیش نظر پرانے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا تھا۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق منصوبے کے لیے آئندہ چند روز میں بین الاقوامی ٹینڈر بھی جاری کیا جائے گا، جس کے بعد جدید سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا۔



