دو بار کا عالمی چیمپئن باکسرآغا کلیم چائے بیچنے پر مجبور

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے نامور کک باکسر اور دو بار کے عالمی چیمپئن آغا کلیم نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے باوجود وہ روزگار کے لیے چائے فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔
آغا کلیم نے بتایا کہ متعدد عالمی اعزازات اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کے باوجود انہیں سرکاری یا نجی سطح پر مستقل مالی تعاون اور اسپانسرشپ حاصل نہیں ہو سکی جس کے باعث انہیں اپنی گزر بسر کے لیے چائے کا کاروبار کرنا پڑ رہا ہے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے آغا کلیم کراچی میں مقیم ہیں۔ وہ دو بار عالمی چیمپئن، متعدد بار ایشیائی اور بین الاقوامی چیمپئن رہ چکے ہیں اور مختلف عالمی مقابلوں میں پاکستان کے لیے تمغے بھی جیت چکے ہیں۔
آغا کلیم کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کے باوجود معاشی مشکلات ان کا پیچھا نہیں چھوڑ رہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مناسب سرپرستی اور مالی معاونت میسر آ جائے تو وہ مزید عالمی اعزازات پاکستان کے نام کر سکتے ہیں۔
عالمی چیمپئن باکسر آغا کلیم نے نجی چینل کو دیے گئے ایک پرانے انٹرویو کا کلپ دوبارہ اپنے ایکس اکاونٹ پر شیئر کر دیا۔
2× World Champion hoon, phir bhi chai ke hotel par mehnat kar raha hoon. Apni mehnat se US apply kiya, lekin appointment event ke baad mili. Shayad mera kasoor sirf itna hai ke main kisi minister ka nahi, ek ghareeb baap ka beta hoon. 😭@CMShehbaz @MaryamNSharif @TararAttaullah pic.twitter.com/QDL15jiPb4
— Agha Kaleem 🇵🇰 | Kickboxer (@AghaKickboxer) July 9, 2026
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آغا کلیم کی جدوجہد خبروں کی زینت بن چکی ہے۔ مالی مشکلات کے باوجود انہوں نے چائے کے اسٹال پر کام جاری رکھا اور اسی دوران بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کے لیے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔



