وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا خان پنجم کے اعزاز میں خصوصی ناشتے کی تقریب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا کے اعزاز میں ناشتے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جو ان کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر منعقد ہوئی۔

وزیراعظم نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے صحت، تعلیم، دیہی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، قابلِ تجدید توانائی اور نوجوانوں کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں AKDN کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال جیسے دور دراز علاقوں میں AKDN کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان میں ترقیاتی عمل کا ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کے فروغ کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ اسماعیلی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی پاکستان کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اعزاز میں یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا۔

پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ انسانی ترقی کے مختلف منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button