ابھینندن اب مسافر طیارہ اڑائیں گے، سابق بھارتی جنگی پائلٹ نے کمرشل ایئرلائن FLY91 جوائن کرلی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) 2019 کی پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران عالمی توجہ حاصل کرنے والے سابق بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے فوجی ہوا بازی سے سول ایوی ایشن کا رخ کرلیا ہے اور علاقائی ایئرلائن FLY91 میں بطور پائلٹ شامل ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ابھینندن نے اگست 2026 میں ایئرلائن جوائن کی اور اس وقت کمرشل پروازیں آپریٹ کرنے کے لیے ضروری تربیتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔ وہ گوا اور حیدرآباد کے درمیان ٹرانزیشن ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔
ضروری تربیت، ٹائپ ریٹنگ اور متعلقہ ریگولیٹری منظوری مکمل ہونے کے بعد وہ FLY91 کے ATR 72-600 طیاروں کی کمرشل پروازیں آپریٹ کرسکیں گے۔
ابھینندن 27 فروری 2019 کو پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران اپنا MiG-21 Bison طیارہ گرائے جانے کے بعد پاکستانی حدود میں گرفتار ہوئے تھے۔ انہیں تقریباً تین روز بعد یکم مارچ 2019 کو پاکستان نے رہا کردیا تھا۔
بعد ازاں انہیں بھارت کے تیسرے بڑے جنگی اعزاز ویر چکر سے بھی نوازا گیا۔
یوں تقریباً دو دہائیوں پر محیط بھارتی فضائیہ کی سروس کے بعد ابھینندن ورتھمان نے کمرشل ایوی ایشن میں اپنی نئی پیشہ ورانہ اننگز کا آغاز کردیا ہے۔



