نواز شریف آج میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے، تیاریاں آخری مراحل میں

میرپور آزاد کشمیر(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں صرف دو روز باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث سیاسی سرگرمیاں اور انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف آج میرپور کے قائداعظم اسٹیڈیم میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ جلسے میں ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت پارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت بھی شریک ہوگی۔

جلسے کے لیے قائداعظم اسٹیڈیم میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جہاں اسٹیج کی تیاری سمیت سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور مکمل کیے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے مطابق جلسے میں کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ مختلف اضلاع اور علاقوں سے قافلوں کی میرپور آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو منعقد ہوں گے، جس کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لا دی ہے اور ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے جلسوں اور عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button