وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر، آئینی عدالت 29 جولائی کو کیسز سنے گی


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی آئینی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف دائر اہم درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی رہائی فورس سے متعلق درخواست اور خیبرپختونخوا میں 9 مئی کے مقدمات واپس لینے کے خلاف اپیل پر سماعت 29 جولائی کو ہوگی۔
چیف جسٹس آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دونوں درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ 9 مئی کے مقدمات کی واپسی کے معاملے پر پہلے ہی حکمِ امتناع جاری کیا جا چکا ہے، جو تاحکمِ ثانی برقرار رہے گا۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان نے پشاور حملہ کیس واپس لینے کے خیبرپختونخوا حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مقدمہ خیبرپختونخوا سے کسی دوسرے صوبے میں منتقل کیا جائے تاکہ شفاف سماعت یقینی بنائی جا سکے۔