لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل سٹاف (CGS) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ترقی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اہم قومی فریضے کی انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جنرل عامر رضا نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، جبکہ برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں بھی اعلیٰ ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔

انہیں جنوری 2025 میں چیف آف جنرل سٹاف مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سمیت متعدد اہم عسکری ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان آرمی، ایئرفورس اور نیوی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری کے بعد کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا۔ اسی قانون سازی کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کا عہدہ ختم کر دیا گیا۔ جنرل شمشاد مرزا اس منصب پر خدمات انجام دینے والے آخری افسر تھے۔

ترمیم شدہ قانون کے مطابق وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف کی سفارش پر حاضر سروس فور سٹار جنرلز میں سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا تقرر تین سالہ مدت کے لیے کریں گے، جبکہ چیف آف آرمی سٹاف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button