دریائے راوی میں پانی بڑھنے پر ننکانہ صاحب میں فلڈ الرٹ، امدادی کیمپ قائم

ننکانہ صاحب(جانوڈاٹ پی کے)ننکانہ صاحب میں دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات مزید تیز کردئیے۔

ہیڈ بلوکی پر دریائے راوی میں پانی کی آمد 77 ہزار 90 جبکہ اخراج 54 ہزار 190 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔جسٹر کے مقام پر 17 ہزار 400 کیوسک کے ساتھ بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے ہیڈ بلوکی کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال سمیت حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایریگیشن حکام نے ڈپٹی کمشنر کو پانی کی آمد، اخراج اور بہاؤ سے متعلق بریفنگ دی۔

دریا کنارے آبادیوں کے لیے 6 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جو نواں کوٹ، ہیڑے، بھچوکی پار، ہفت مدر، ہلہ وڑائچاں اور کند رحم شاہ میں قائم کیے گئے ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے نواں کوٹ، آبادی وڑائچ اور یاسین ڈھاری سے درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔

دریائے راوی میں پانی بڑھنے سے اطراف کے کاشتکاروں کی تل، چارہ اور دھان کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کے مطابق فلڈ ایمرجنسی پلان کے تحت حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ دریائی بیلٹ اور نشیبی علاقوں کے مکین احتیاط کریں اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

انہوں نے بتایا کہ نالہ ڈیک پر ڈی سلٹنگ کے ذریعے ممکنہ سیلابی خطرات کم کرنے کے لیے کارروائیاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔

دیگر دریاؤں کی صورتحال

دریائے سندھ میں تربیلا پر بہاو 342000 کیوسک اور نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔

دریائے جہلم میں منگلا پر 62000 کیوسک کے ساتھ بہاو معمول کے مطابق ہے

دریائے چناب میں مرالہ پر بہاؤ 168658 کیوسک کے ساتھ مستحکم اور درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے راوی میں جسٹر پر 17400 کیوسک کے ساتھ بہاومعمول کے مطابق ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر 2000 کیوسک کے ساتھ بہاو معمول پر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button