گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح کیلئے نومنتخب حکومت کے ساتھ کام کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نو منتخب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امجد حسین کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں قابلِ تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے اہم منصوبوں میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ اور دانش اسکولوں کے قیام کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شامل ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سرکاری خدمات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے گلگت میں "پاکستان آسان خدمت سینٹر” قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے، جنہوں نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں

Back to top button