وانا میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام، بارود سے بھری گاڑی تباہ، ایک خارجی ہلاک، 5 زخمی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں انٹیلیجنس پر مبنی بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے قبل ہی تباہ کر دی گئی، جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تباہ کی گئی گاڑی میں موجود بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد کسی بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وانا اور گردونواح کی شہری آبادی کو ممکنہ تباہی سے محفوظ بنا لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خودکش حملے کے لیے تیار گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی اور آبادی سے دور پہنچنے پر انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں اسے نشانہ بنایا تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور ایک موٹر سائیکل بھی تباہ کر دی گئی، جبکہ ایک دہشتگرد مارا گیا اور پانچ زخمی ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کامیاب آپریشن اس عزم کا مظہر ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button