لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کے تیسرے ہفتے کا ججز روسٹر جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے تیسرے ہفتے کے لیے ججز روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) سید شبیر حسین شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد روسٹر جاری کیا۔

جاری کردہ روسٹر کے مطابق اس کا اطلاق 20 جولائی بروز پیر سے ہوگا، پرنسپل سیٹ لاہور میں تعطیلات کے دوران 5 ڈویژن بنچز مختلف نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کریں گے جبکہ 11 ججز بطور سنگل بنچ کیسز کی سماعت کے فرائض انجام دیں گے۔

روسٹر کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔ اسی طرح جسٹس فیصل زمان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی سول اپیلوں کی سماعت کرے گا۔

علاوہ ازیں جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ فوجداری نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا جبکہ جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ سول اپیلوں کی سماعت کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ جسٹس محمد طارق ندیم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کریمنل اپیلوں کی سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ انتظامیہ کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران معمول کے مقدمات کی سماعت محدود رہے گی اور صرف اہم، ہنگامی اور فوری نوعیت کی درخواستیں ہی دائر اور سماعت کے لیے مقرر کی جا سکیں گی تاکہ سائلین کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا سلسلہ جاری ہے اور تعطیلات ستمبر کے پہلے ہفتے میں اختتام پذیر ہوں گی، جس کے بعد عدالت معمول کے مطابق تمام نوعیت کے مقدمات کی سماعت دوبارہ شروع کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button