پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل کل سے شروع، اربن فلڈنگ کا خدشہ ،الرٹ جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں مون سون بارشوں کا دوسرا سپیل 19 جولائی سے شروع ہوگا، جس کے دوران کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش، اربن فلڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 24 جولائی تک جاری رہنے والے اس سپیل میں کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث شہری اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
اسی طرح نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ نالہ لئی، مقامی ندی نالوں، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔



