ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، مطلوب دہشت گرد خالد عرف کمانڈر ہلاک

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مطلوب دہشت گرد خالد عرف کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کو متعدد بار ہتھیار ڈالنے کی ہدایت کی گئی، تاہم اس نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہو گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ذاکر کوچی کاروان گروپ سے بتایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول، ہینڈ گرینیڈ اور ایک سمارٹ فون برآمد کیا گیا، جسے فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



