ایران کا امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بندرگاہی شہر بوشہر کے اوپر پرواز کرنے والے ایک امریکی ایم کیو-9 (MQ-9) ڈرون کو مار گرایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق ڈرون کو ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے گزرنے کی کوشش کرنے والے چار آئل ٹینکرز کو میزائلوں اور ڈرونز پر مشتمل مشترکہ آپریشن کے ذریعے روک دیا گیا۔
بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں دو تیل بردار جہاز بارودی راستے سے گزرتے ہوئے دھماکوں کا شکار ہوئے۔
ایرانی حکام نے ان دعوؤں کے حوالے سے مزید شواہد یا تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ اس خبر کے وقت تک امریکی حکام یا دیگر آزاد ذرائع کی جانب سے ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی تھی۔



