دنیا کی ممتاز جامعات کے پاکستانی طلبا کا پاکستان میں انٹرن شپ کا فیصلہ خوش آئندہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کے پاکستان میں انٹرن شپ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں آج پاکستانی طلبا و طالبات ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم سے اُڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام کے اسکالرز نے ملاقات کی، شہباز شریف نے اسکالرز کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی اور سوالات کے جوابات دیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، اسکالرز اپنی تعلیم، تحقیق اور عالمی تجربے کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکا تھا، ہنگامی معاشی اصلاحات کے ذریعے استحکام کا حصول ممکن ہوا، معاشی اصلاحات کا مقصد مضبوط، خود کفیل، برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت اور قوم کی بھرپور حمایت سے پاکستان نے بھارت کو شکست دی، امریکا ایران جنگ رکوانے میں ثالثی کا کردار پاکستان کی سفارتی تاریخ کا نمایاں باب ہے، پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
اجلاس میں طلبا و طالبات نے مختلف شعبوں میں بہتری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا،
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا تارڑ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر اور متعلقہ اداروں کے حکام اجلاس میں شریک تھے۔



