ایرانی سپریم لیڈر کی ہر ہدایت پرعمل کریں گے،حوثیوں کا اعلان

یمن(جانوڈاٹ پی کے)یمن کے حوثیوں نے اعلان کیا کہ اگر یمن کے خلاف محاصرہ اور جارحیت جاری رہی تو وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے جاری ہونے والی ہر ہدایت پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق یہ بات یمن کے حوثیوں کے وزیر دفاع میجر جنرل محمد العاطفی نے ایک انٹرویو میں کہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر یمنی عوام کا محاصرہ جاری رکھا گیا تو یمنی مسلح افواج ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے جاری کیے جانے والے کسی بھی حکم پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
میجر جنرل محمد العاطف نے مزید کہا کہ حوثی افواج کے پاس اپنے دفاع اور جوابی کارروائی کے لیے تمام ممکنہ آپشنز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جارح ممالک، خصوصاً دشمن ملک اور اس کی حمایت کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے پاس ہر قسم کے ردعمل کی صلاحیت موجود ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای حالیہ دنوں متعدد بیانات میں اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ ایران اور اس کے اتحادی خطے میں کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔
سپریم لیڈر نے کہا تھا کہ مزاحمتی محاذ دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے جھکنے والا نہیں اور دشمن کی ہر کارروائی کا مناسب اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی قیادت کا مؤقف ہے کہ خطے میں امریکی اور اسرائیلی کارروائیاں عدم استحکام کو بڑھا رہی ہیں جبکہ ایران اپنے اتحادیوں کی سیاسی اور دفاعی حمایت جاری رکھے گا۔



