متنازع تقریر کیس: گوجرانوالہ کی عدالت نے مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کو طلب کر لیا


گوجرانوالہ(جانوڈاٹ پی کے) گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو متنازع تقریر سے متعلق دائر درخواست پر 28 جولائی کو طلب کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے خلاف متنازع تقریر پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے کی۔
یہ درخواست سینئر قانون دان منظور قادر ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کی متنازع تقریر کے معاملے پر مقدمہ درج کیا جائے۔
عدالت نے سماعت کے بعد مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کے لیے طلبی نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ پولیس کو بھی آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت آئندہ سماعت پر درخواست، پولیس رپورٹ اور متعلقہ قانونی نکات کا جائزہ لے گی، جس کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔