آبنائے ہرمز میں بحری جہاز وں کی ٹکر ،ایران کی بروقت کارروائی نے 23 جانیں بچا لیں

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے قریب آبنائے ہرمز میں قشم جزیرے کے شمالی حصے کے نزدیک دو مال بردار بحری جہازوں کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک جہاز کو شدید نقصان پہنچا، تاہم ایرانی امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز پر سوار 23 غیر ملکی عملے کے ارکان کو محفوظ نکال لیا۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک بڑے مال بردار جہاز کی دوسرے بحری جہاز سے زوردار ٹکر ہوئی۔ تصادم کے باعث متاثرہ جہاز کے نچلے حصے کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں تیزی سے پانی داخل ہونا شروع ہوگیا، جس سے جہاز کے ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق صورتحال سنگین ہونے پر جہاز کے کپتان نے ہنگامی انخلا کا حکم دیا، جس کے بعد عملے کے افراد نے جہاز خالی کرنا شروع کیا۔ ایرانی حکام اور امدادی اداروں نے فوری ریسکیو آپریشن شروع کرتے ہوئے تمام 23 غیر ملکی اہلکاروں کو بحفاظت نکال کر قشم جزیرے منتقل کر دیا۔
فارس نیوز کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ متاثرہ جہاز کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بندر عباس میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ جزیرہ کیش اور قشم پر بھی متعدد دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ان واقعات اور بحری حادثے کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف سکیورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔



