جاپان سے دبئی جانے والے کارگو طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

کراچی (ویب ڈیسک) جاپان کے شہر اوساکا سے دبئی جانے والے امارات ایئر لائن کے کارگو طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد انجن کی مرمت مکمل ہونے پر دوبارہ پرواز شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق امارات ایئر لائن کا ای کے 9801 کارگو طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روز شام 5 بجے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا تھا۔ طیارے کے انجن کی خرابی دور کرنے کے بعد اسے دبئی روانہ کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق طیارے کی مرمت کا عمل مکمل ہونے کے بعد ضروری جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد پرواز کو روانگی کی اجازت دی گئی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شارجہ سے کراچی آنے والا ایک نجی ایئر لائن کا کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب سمندر میں گر کر حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ حکام کے مطابق بوئنگ 737 طیارہ نیوی گیشن سسٹم میں خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔

حادثے کا شکار طیارے میں پائلٹ رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈ ماسٹر توفیق خان اور انجینئرز عارف صدیقی اور محمد حامد سمیت عملے کے 5 افراد سوار تھے۔

مزید خبریں

Back to top button