ٹانک: پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب دھماکا،اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ،متعدد زخمی


ٹانک (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے فقیرنی میں پولیس کی بکتر بند گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جہاں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی فرید اور کانسٹیبل اختر زمان شہید ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دھماکے سے پولیس کی بکتر بند گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔