نیب ترامیم کیس: زیر التوا اپیلوں کی سماعت کا معاملہ، سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کل سماعت کرے گا

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نیب قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلوں کی سماعت سے متعلق اہم کیس سپریم کورٹ میں کل سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال بھی شامل ہیں۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں استدعا کی ہے کہ نیب ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلیں آئینی عدالت کو منتقل کی جائیں۔ حکومت کے مطابق ضمانت سے متعلق مقدمات بھی آئینی عدالت منتقل کیے جانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ نے مارچ میں نیب قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف نیب اپیلیں سننے کا اختیار آئینی عدالت کو دے دیا تھا۔

اب سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ یہ فیصلہ کرے گا کہ نیب قانون میں کی گئی ترمیم کا اطلاق صرف نئے مقدمات پر ہوگا یا زیر التوا اپیلوں اور دیگر مقدمات پر بھی ہوگا۔

قانونی ماہرین کے مطابق عدالت کا فیصلہ نیب سے متعلق متعدد زیر التوا مقدمات کی آئندہ سماعت کے فورم کے تعین کے لیے اہمیت کا حامل ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button