مریم نواز سے پرتگال کے سفیر کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، زراعت، لائیوسٹاک اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے پرتگالی سفیر کی لاہور آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے پرتگالی کمپنیوں کو پنجاب میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان پرتگ بزنس فورم کے قیام کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ دونوں ممالک کے کاروباری روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں لاہور اور پرتگال کے دارالحکومت لزبن کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے لیے سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

پرتگالی سفیر پالو ڈومینگوز نے پاکستان خصوصاً لاہور کے پکوان، عوام کی مہمان نوازی اور ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو پرتگال کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ تعلقات میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے، جبکہ فارماسیوٹیکل، توانائی، آبی وسائل، صحت اور ڈیجیٹل جدت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرتگالی ثقافت، ورثے، زبان اور علمی تبادلوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوامی روابط مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سیاحت، ثقافت اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

پرتگالی سفیر نے پنجاب میں صحت کے شعبے میں اقدامات اور پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کے قیام پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button