دیامر میں سیلابی ریلوں کی تباہی، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر مشکلات کا شکار

دیامر (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف وادیوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

مقامی پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، درخت، فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز کو نقصان پہنچا، جبکہ شاہراہِ قراقرم بھی مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق چلاس میں گونر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم رات سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

پھنسے ہوئے مسافروں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، جنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافروں نے حکومت سے شاہراہِ قراقرم فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے، ملبہ ہٹانے اور سڑکوں و پلوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button