ایل پی جی انڈسٹری نے ملک گیراحتجاج کی دھمکی دیدی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ایل پی جی انڈسٹری کے نمائندوں نے مسائل کے حل کے لیے فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج اور کاروبار بند کرنے کی دھمکی دیدی۔لاہور میں منعقدہ نیشنل ایل پی جی اسٹیک ہولڈرز کانفرنس میں ملک بھر سے ایل پی جی درآمد کنندگان، مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈسٹری بیوٹرز، ٹرانسپورٹرز، پلانٹ مالکان اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ایک ہزار سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کی میزبانی صنعت سے وابستہ رہنما حاجی نعمان احمد نے کی۔حاجی نعمان احمد نے کہا کہ ایل پی جی ملک بھر میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے، تاہم صنعت کو پالیسی اور انتظامی نوعیت کے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد صنعت کا متفقہ مؤقف مرتب کرکے حکومت کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ صارفین کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



