افغانستان میں تربیت لی،میرے ساتھی مارے گئے،کراچی رینجرز کیمپ پر حملے کے گرفتاردہشتگرد کااعترافی بیان،افغان رجیم کا بھانڈاپھوٹ گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کراچی میں گرفتار مبینہ دہشت گرد عثمان کا ویڈیو اعترافی بیان سامنے آگیا، جس میں اس نے مبینہ طور پر کالعدم تنظیم سے تعلق اور دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں سہولت کاری کا اعتراف کیا ہے۔

بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کا کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر ناکام حملے میں گرفتار زخمی دہشت گرد کا اعترافی بیان سامنے آگیا۔ دہشتگرد افغان شہری نکلا۔ ہوشربا انکشافات سامنے آ گئے۔

اعترافی بیان میں دہشتگرد کا کہنا ہے کہ میرا نام عثمان علی ہے،افغانستان کے علاقے جلال آباد سے آیا ہوں، میرے ساتھ 3ساتھی،عبدالہادی، جانان اور عمر فاروق بھی تھے۔ میرے ساتھ آنے والا دہشتگرد عبدالہادی مارا جاچکاہے۔

افغان دہشتگرد کے مطابق ہم لوگ 7 دن قبل پاکستان آئے تھے عبدالہادی کے پاس، جو باجوڑ کا رہائشی تھا، ہمیں زیر تعمیر بلڈنگ میں رکھا گیا تھا، حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ عبدالہادی وزیرستان سے لایا تھا۔

گرفتار دہشت گرد کے مطابق دوسری طرف جانے کے لیے جب میں بھاگ رہا تھا تو مجھے گولی لگ گئی اور میں وہیں گرگیا، میرا تعلق جماعت الاحرار سے ہے جس کے افغانستان میں کمانڈر کا نام احرار مولوی صاحب ہے، ہم سب کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی مجھے صرف جیکٹ دی گئی تھی خود کش ہم خود تیار کر لیتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا کر پاکستان کیخلاف استعمال کر رہی ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان متعدد بار افغان طالبان رجیم کو سرحد پار دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کر چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں پاکستان رینجرز کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی تاہم پاکستان رینجرز کے جوانوں نے بروقت اور مؤثرکارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کوہلاک کردیا،جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کے 3 بہادرسپوت شہید جبکہ 3 دیگر جوان زخمی ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button