ریکارڈ کاموں کیوجہ سے عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا،ناصر حسین شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ریکارڈ کاموں کی وجہ سے عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو2013سے زیادہ 2018میں سیٹیں ملیں،بہت کوشش کی گئی کہ گزشتہ انتخابات میں پی پی کو شکست دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نشستوں میں اضافہ ہوا، آئندہ الیکشن میں بھی پی پی پہلے سے زیادہ سیٹیں لے کر کامیاب ہوگی۔ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ عظیم پورہ فلائی اوور کو94دنوں میں تعمیر کیا گیا، کراچی میں بہت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ریکارڈ کاموں کی وجہ سے عوام نے پیپلز پارٹی کوووٹ دیا، عرصے بعد ملک کو کام کرنے والا وزیراعظم ملا۔صوبائی وزیر بلدیات نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں بہت سی اسکیمیں مکمل ہونے کو ہیں، 1 ہزار سے زائد اسکیمیں مکمل ہوئی ہیں، بااختیار لوکل گورنمنٹ سندھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے بھی اسکیمیں مکمل کی ہیں، پنجاب کے قانون میں بلدیاتی اداروں کے پاس اختیارات نہیں۔



