پاکستان عالمی ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں اہم کردار ادا کرے گا، بلال بن ثاقب

زیورخ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے کرپٹو و بلاک چین بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں "پاکستان فرسٹ” حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل کے عالمی مالیاتی نظام کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرے گا۔

زیورخ میں عالمی مالیاتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہا کہ مالیاتی نظام تیزی سے سافٹ ویئر اور بلاک چین کے ذریعے خودکار ہو رہا ہے، جبکہ دنیا کے مالیاتی قواعد ازسرنو تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدیں اس تبدیلی کو نہیں روک سکتیں اور پاکستان اس نئے مالیاتی دور میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹوکنائزڈ فنانس کے قواعد وضع کرنے والے ممالک میں شامل ہوگا۔ ان کے بقول اب سوال یہ نہیں کہ ڈیجیٹل اثاثوں کو اجازت دی جائے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ مستقبل میں ان کی بالادستی کیسے قائم ہوگی۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کو اپنے مالیاتی مستقبل کے قواعد خود مرتب کرنا ہوں گے، جبکہ پاکستان ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے اپنی قومی ترجیحات کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی جدت کو روکنا نہیں بلکہ مؤثر انداز میں ریگولیٹ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق پاکستان دنیا کی بڑی ڈیجیٹل اثاثہ مارکیٹوں میں شامل ہو چکا ہے اور عالمی کرپٹو اپنانے کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں CBDCs، سٹیبل کوائنز اور ٹوکنائزڈ منی سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک عالمی مالیاتی نظام کی نئی تشکیل میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button