بھارت:تامل ناڈو میں نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی تحفے میں دینے کا اعلان

تامل ناڈو(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں حکومت کی جانب سے بچے کی پیدائش پر سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتال میں پیدا ہونے والے بچوں کو ایک گرام کی سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اس اسکیم کیلئے سالانہ 755.83 کروڑ بھارتی روپے مختص کرے گی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وجے کی سالگرہ کے موقع پر رواں ماہ کی 22 تاریخ کو سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ اس اسکیم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر کو کیا جائے گا۔



