ڈنمارک نے تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا، سفارتی سرگرمیاں بحال

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ڈنمارک نے مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے بعد ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈنمارک کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران میں سیکیورٹی حالات بہتر ہونے کے باعث تہران میں واقع ڈنمارک کا سفارت خانہ دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ڈنمارک کے سفیر 19 جون سے سفارت خانے کے دفتر میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور سفارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔

ڈنمارک نے 10 مارچ 2026 کو مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر تہران میں اپنا سفارت خانہ عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ڈنمارک کی جانب سے سفارت خانے کی بحالی اس بات کا اشارہ ہے کہ خطے میں کشیدگی میں نسبتاً کمی آئی ہے اور ایران کے ساتھ سفارتی روابط کو دوبارہ معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور خطے میں جنگ بندی کی پیش رفت نے بھی بین الاقوامی برادری کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں بعض ممالک اپنے سفارتی مشنز دوبارہ فعال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button