چینی چڑیا گھر میں ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر 41لاکھ روپے سالانہ کمائیں، منفرد ملازمت کا اشتہار وائرل

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)کیا 41 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ والی ایسی نوکری کرنا پسند کریں گے جس میں آپ کو ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر رہنا ہوگا؟

جی ہاں واقعی چین میں ایک چڑیا گھر کی جانب سے ایسی ملازمت کا اشتہار دیا گیا ہے جس میں لوگوں کو سیاہ ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر رکھنا ہوگا۔

اس کے عوض سالانہ ایک لاکھ یوآن (41 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تنخواہ دی جائے گی اور یہ اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

صوبہ ہینان کے شہر Luohe کے Luohe وائلڈ لائف زو کی جانب سے یہ اشتہار دیا گیا تھا۔

یہ واضح نہیں کہ کاسٹیومز میں پنکھے یا ہوا کی نکاسی کا نظام موجود ہوگا یا نہیں کیونکہ اشتہار میں بس یہ لکھا ہے کہ یہ نرم کاسٹیوم ہوگا۔

اشتہار میں کہا گیا کہ امیدواروں کی کم از کم عمر 18 سال جبکہ جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہوگا۔

ان افراد کو 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ہر مہینے 4 دن چھٹی ملے گی۔

سیاحوں سے میل جول کے دوران ان انسانی ریچھوں کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ مختلف آوازیں ضرور نکال سکیں گے۔

یہ افراد چڑیا گھر آنے والے افراد سے کھانے پینے کی چیزیں لے سکیں گے۔

اشتہار میں بتایا گیا کہ اگر آپ تھک گئے ہیں تو لیٹ کر دن میں خیالی پلاؤ پکائیں، اگر توانائی محسوس کر رہے ہیں تو اچھلیں، رقص کریں، درختوں پر چڑھ جائیں یا مچھلیاں پکڑیں، ملازمت کرنے والوں کو ہر چیز کرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد کو اس ملازمت کے لیے رکھا جائے گا، مگر اب تک 100 سے زائد افراد نے اس پر چڑیا گھر سے رابطہ کیا ہے۔

چڑیا گھر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر معروف افراد ایک لاکھ یوآن سالانہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرسکیں گے جبکہ چڑیا گھر کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button