جھوٹا مقدمہ ، تفتیشی سمیت 9 افراد کے وارنٹ جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سٹی کورٹ میں مبینہ مارپیٹ کے مقدمے کے خلاف دائر شکایتی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے تفتیشی افسر سمیت 9 افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ایس ایچ او بوٹ بیسن کو حکم دیا ہے کہ نامزد افراد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ ان افراد میں تفتیشی افسر نعیم احمد، نسیم محمد خان، شہباز، رضوان، سابقہ زوجہ عالیہ، عانی، ثروت، نضحت اور فرحت شامل ہیں۔

سماعت کے دوران شکایت کنندہ کے وکیل سمراز ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل ذیشان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا اور اس کے گھر میں گھس کر تشدد کیا گیا۔

وکیل کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہونے کے باوجود پولیس نے الٹا متاثرہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا، جبکہ تفتیشی افسر بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقدمہ دباؤ ڈال کر سمجھوتہ کروانے کے لیے درج کیا گیا، اور عدالتی احکامات کے باوجود تفتیشی افسر کی تنخواہ روکنے پر بھی عمل نہیں ہوا۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے تمام نامزد افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button