وزیر اعظم اور سعودی ولی عہدکا رابطہ،’’اسلام آباد امن معاہدے‘‘پرمبارکباد،ملکر چلنے پر اتفاق،شہبازشریف نے دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو’’اسلام آباد امن معاہدے‘‘پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی معاونت سے خطے میں کشیدگی میں کمی ممکن ہوئی۔
سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا اور باقی ماندہ معاملات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے جبکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا سبوتاژ کی کوششوں کے خلاف محتاط رہنے پر بھی زور دیا گیا۔گفتگو میں پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا, وزیراعظم نے بتایا کہ دونوں ممالک ولی عہد کی سرپرستی میں ایک جامع اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دہرائی، جبکہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا گیا، دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



