دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے گونج رہا ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ آج دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن قومی وحدت کے لیے ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج ساری دنیا میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے گونج رہا ہے، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل شام ایران کے صدر سے بات ہوئی، ایران کے صدر نے بار بار پاکستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرونگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج سے 3 مہینے پہلے جنگ چھڑنے پر تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی لیکن جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، یقیناً اس میں مزید کمی آئے گی، جنگ بندی سے اب خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی، تیل کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں اور اب وہ سیاہ رات ختم ہونے کو ہے، اس وقت ہمارے وسائل محدود تھے، آج تیل اور پیٹرول کی ہفتہ وار قیمتوں کا اعلان کرنا ہے، آج اس میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیاجائےگا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ قومی وحدت کے لیے ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے، نائب وزیراعظم کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے بھی بھرپور حصہ ڈالا، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران کے حوالے سے اپنا پورا کردار ادا کیا، قائد حزب اختلاف کا بھی شکریہ اداکرنا چاہتا ہوں، اس کامیابی میں سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہے، ہمیں کریڈٹ لینےکا کوئی شوق نہیں بلکہ قوم کوکریڈٹ دلوانے کا جوش و جذبہ ذہنوں پر سوار تھا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو سپریم لیڈرعلی خامنہ ای کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی، ایران کے صدر نے ہمیں اس میں شرکت کی دعوت دی، میں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے اور پاکستان کا وفد وہاں موجود ہوگا، ہم دو ایسے بھائی ہیں جو آئندہ آنے والے وقتوں میں انتہائی قربت کے ساتھ تعاون کریں گے۔



