لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں روکنے کے لیے امریکا دباؤ ڈالے، فرانس

پیرس(ویب ڈیسک) فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نویل بارو نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے امریکا کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ ژاں نویل بارو نے کہا کہ فرانس اب بھی لبنانی فوج کی حمایت کے لیے عالمی امداد اور تعاون کو متحرک کرنے کے مقصد سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر کام کر رہا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے حملے جاری رکھے ہوئے ہے، حالانکہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت میں لبنان پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ژاں نویل بارو نے مزید کہا کہ فرانس اس وقت تک ایران پر عائد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیاں ختم کرنے کی حمایت نہیں کرے گا جب تک اسے یہ اطمینان نہ ہو جائے کہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات اس کی توقعات کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔



