جوڑ میلہ اختتام پذیر، بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس روانہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)سکھ مذہب کے چھٹے گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی مذہبی تقریبات اختتام پذیر ہونے کے بعد بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے اپنے وطن واپس روانہ ہو گئے۔
یاتریوں کی واپسی کے موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے واہگہ بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ امیگریشن اور سفری مراحل خوش اسلوبی سے مکمل کیے جا سکیں۔ واہگہ چیک پوسٹ پر صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ یاتریوں کو الوداع کیا۔
اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق بھی موجود تھے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے یاتریوں کے لیے میڈیکل سہولیات، کرنسی ایکسچینج اور دیگر ضروری انتظامات فراہم کیے گئے۔
بھارتی سکھ یاتریوں نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی سہولیات، سکیورٹی انتظامات اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے فراہم کی گئی سہولیات پر حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مقدس مقامات کی یاترا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہی اور انہیں ہر سطح پر بہترین تعاون فراہم کیا گیا۔



