وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج خاطر خواہ کمی کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا اعلان کیا جائے گا، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان کو بے پنا عزت ملی، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شاندار کامیابی پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ سیاسی اختلافات کے علاوہ قوم متحدہ ہے، پاکستان کی اس اہم کامیابی پر یہ ایوان ایک متفقہ قرارداد منظور کرے، متفقہ قرار داد اتحاد اور یکجہتی کا واضح پیغام ہوگی، قومی وحدت کیلئے ہم ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے عظیم مقصد کیلئے شبانہ روز محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا، فیلد مارشل نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے دن رات کام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتھک محنت،استقامت اور غیر متزلزل عزم کی وجہ سے ممکن ہوئی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، صدر پزشکیان نے پاکستان کے بھرپور تعاون پر اپنی اور ایرانی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کیا، میں نے ایرانی صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، ایرانی صدر کو بتایا کہ پوری قوم آپ کا والہانہ استقبال کرنے کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ایرانی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان آکر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کریں گے، پاکستانی وفد شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی، جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، سمجھوتے کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں خاچرہ خواہ کمی آچکی ہے، 3 ماہ پہلے جب جنگ چھڑی تو تیل کی قیمتوں میں انتہائی تیزی آئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، حکومت نے اپنے وسائل سے 128 ارب روپے کی سبسڈی دی، آج تیل کی ہفتہ وار قیمتوں کا تعین ہوگا، یقین ہے تیل کی قیمتوں میں خاطرہ خواہ کمی ہوگی، صوبوں کی طرف سے وفاق کو وسائل کی فراہمی پر مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن عمل میں دوست ملکوں کا تعاون رہا، چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر نے امن عمل میں بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان کو جو عظیم مرتبہ ملا یہ قوموں کو صدیوں میں نصیب ہوتا ہے، پاکستان کے 24 کروڑ عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔


