ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایشیائی ترقیاتی بینک  نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد ملک کے انشورنس سیکٹر میں اصلاحات اور کوریج کو وسیع کرنا ہے۔

بینک کے مطابق اس “انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام” کا بنیادی ہدف انشورنس تحفظ کے خلا کو کم کرنا اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ ادارے نے بتایا کہ پاکستان میں انشورنس کا حجم جی ڈی پی کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے، جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔

پروگرام کے تحت کسانوں، خواتین اور کمزور طبقات کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرائی جائیں گی، جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے تحفظ کے لیے جدید نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

اے ڈی بی کے مطابق سیٹلائٹ بیسڈ رسک اسسمنٹ، ڈیجیٹل انشورنس سروسز اور کلیمز کے نظام میں بہتری بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں، تاکہ شہریوں کو آسان اور تیز خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ادارے نے مزید کہا کہ یہ اصلاحات پاکستان کے مالیاتی نظام کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانے میں مدد دیں گی، جس سے معیشت کو جھٹکوں کے مقابلے میں بہتر تحفظ حاصل ہوگا۔

پروگرام کے تحت بانڈ مارکیٹ اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا، جبکہ انشورنس سیکٹر کو روایتی ماڈل سے جدید رسک بیسڈ نظام کی طرف منتقل کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button