مونس الٰہی کیس: جسٹس علی ضیا باجوہ کی معذرت ،دو رکنی بینچ تحلیل، نیا بینچ تشکیل دینے کی سفارش


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے اور ان کے اثاثے منجمد کرنے کے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیا دو رکنی ڈویژن بینچ تحلیل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل بینچ نے کیس کی ابتدائی سماعت کی، تاہم بعد ازاں جسٹس علی ضیاء باجوہ نے کیس کی مزید سماعت سے معذرت کر لی، جس کے نتیجے میں بینچ تحلیل کر دیا گیا۔
عدالت نے کیس کو کسی دوسرے ڈویژن بینچ کو بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی ہے۔
یہ درخواست مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں احتساب عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت دیگر متعلقہ فریقین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اب کیس کی نئی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا، جس کے بعد قانونی کارروائی دوبارہ آگے بڑھے گی۔