وزیراعلیٰ سندھ نوتعمیر شدہ عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کے روز نو تعمیر شدہ عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ یہ اہم شہری انفراسٹرکچر منصوبہ شاہراہِ بھٹو، شاہ فیصل کالونی، شاہراہِ فیصل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عظیم پورہ پل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ نے کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ چار سے چھ ماہ کے دوران حکومت نے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے، جن میں شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے پل، بھینس کالونی پل، مینا بازار منصوبہ اور دیگر اہم اسکیمیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے پُرعزم ہے اور شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی ایک وقت میں ایسی جماعت کے حوالے کر دیا گیا تھا جو صرف لڑائی جھگڑا کرنا جانتی تھی اور آج اس جماعت کے رہنما آپس میں ہی لڑنے میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آج انہیں فون کر کے عظیم پورہ پل کے افتتاح کے حوالےسے دریافت کیا۔

مزید خبریں

Back to top button